شانگلہ میں پہاڑی تودہ گرنے سے 8بچے جاں بحق

709
landslide

شانگلہ : خیبر پختونخوا کے مارتونگ میں  کرکٹ کھیلتے بچوں پر پہاڑی تودہ گرنے سے 8 بچے جاں بحق جبکہ متعدد لاپتا ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شانگلہ کے علاقے مارتونگ میں کھیل میں مصروف بچوں پر پہاڑی تودہ گرگیا تھا، اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اورامدادی کارروائی شروع کردی۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک ملبے تلے سے 8 بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مقامی افراد کے مطابق اب بھی متعدد بچے ملبے تلے لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر شانگلہ حسن عابد کے مطابق امدادی ٹیم کی تین ایمبولینسز، 28 اہلکار اور ایکسویٹر آپریشن میں مصروف ہیں۔

شانگلہ لینڈ سلائیڈنگ میں ریسکیو مشن کے لئے پاک فوج کی ٹیمیں بھی روانہ ہوگئیں، پاک فوج کی ٹیمیں سول انتظامیہ کو ریسکیو مشن میں ہر ممکنہ مدد فراہم کریں گی۔