اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے حکومتی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے امریکی ویزے میں حکومتی معاونت پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ویزے کے حصول میں حکومتی معاونت فراہم کرکے آپ نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بنیاد رکھی ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر عافیہ کے اہلِ خانہ کے کرب کا بخوبی ادراک ہے اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت خارجہ ڈاکٹر فوزیہ کو ڈاکٹر عافیہ سے آئندہ ملاقات کے لیے ویزے کے حصول میں مکمل معاونت فراہم کرے۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کوششیں ہمارا فرض ہے۔
وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے حکومتی کوششوں کو منظم اور مزید تیز کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی وزارتی کمیٹی قائم کر دی۔ واضح رہے کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران ڈاکٹر فوزیہ کی وزیرِ اعظم سے یہ دوسری ملاقات تھی، جس میں ڈاکٹر فوزیہ نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے حکومتی کوششوں پر وزیرِ اعظم اور وزارت خارجہ کے لیے خصوصی اظہارِ تشکر کیا۔