واشنگٹن: امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ وائٹ ہاؤس سے کوکین برآمد ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق سیکرٹ سروس ایجنٹس کو سفید پاؤڈر اتوار کو ویسٹ ونگ کے علاقے سے مقامی وقت کے مطابق رات 8:45 پر ملا تھا جہاں عام لوگوں کی رسائی بھی ہوتی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں کوکین کس نے استعمال کی یا چھوڑی اس بارے میں معلومات کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس سے کوکین کی دریافت کے حوالے سے سوالات کا جواب نہیں دیا۔
ویسٹ ونگ میں کوکین کی دریافت کے موقع پر سکینڈلز کا نشانہ بننے والے صدر بائیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کیمپ ڈیوڈ میں موجود تھے اور کوکین دریافت ہونے پر وائٹ ہاؤس کو خالی کرا لیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے بتایا کہ سفید پاؤڈر کو مزید جانچ کے لیے بھیجا گیا تھا اور اس کے وائٹ ہاؤس میں داخل ہونے کی وجہ اور طریقے کی تحقیقات زیر التوا ہیں۔