بلاول کا دورہ جاپان دونوں ممالک کے تعاون کو مزید فروغ دے گا، ترجمان دفتر خارجہ

452
request

اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول زرداری نے جاپان کے وزیر خارجہ یوشیماسا حیاشی کی دعوت پر یکم جولائی سے 4 جولائی تک جاپان کا دورہ کیا۔

 دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹوکیو میں وزیر خارجہ نے جاپانی وزیر خارجہ کے ساتھ دو طرفہ امور پر بات چیت کی اور وزیر اعظم فومیو کشیدا سے ملاقات کی۔

 دونوں وزرا خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا۔جن میں تجارت اور سرمایہ کاری، دفاعی تعاون، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ تربیت، لوگوں کے درمیان تبادلے اور پاکستان سے جاپان کو افرادی قوت کی برآمد شامل ہیں، انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 فریقین نے بات چیت اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے ہر سطح پر مصروف رہنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خاص طور پر سولرائزیشن، ڈی سیلی نیشن اور واٹر پیوری فکیشن، ہائوسنگ اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے شعبے میں اعلی اثرات کے حامل پروگراموں پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

 ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے پاکستان میں جاپانی زبان کے لیے لینگویج سکل ٹیسٹ کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک انسٹی ٹیوٹ سے خطاب کیا جہاں انہوں نے علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کے پاکستان کے وژن کے بارے میں بات کی۔

 انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کی اہمیت اور پاکستان اور جاپان کے درمیان وسیع اور کثیر جہتی اقتصادی تعاون پر زور دیا جو کامیابی اور مشترکہ خوشحالی اور ترقی کو جنم دے سکتے ہیں۔