کراچی(منیرعقیل انصاری) کراچی میں استعمال شدہ پلاسٹک سے پہلی سڑک کی تعمیر،اس 730فٹ طویل اور 60فٹ چوڑی سڑک کو 2.5 ٹن سے زائد لیوبریکینٹ کی استعمال شدہ پلاسٹک کی بوتلوں سے تعمیرکیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیل پاکستان نے کراچی میں شیل لیوبریکینٹ کے لیے استعمال ہونے والی پلاسٹک کی بوتلوں کو ری سائیکل کر کے ایک سڑک تعمیر کی ہے۔
شیل پاکستان نے بی آر آر انٹرپرائزز نامی اسٹارٹ اپ اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن (ساوتھ)کے تعاون سے سڑک کی تعمیر مکمل کی، جس سے پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے اور ماحول دوست طریقوں کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔
اسفالٹ روڈ کی تعمیر میں لیوبریکنٹ کی استعمال شدہ بوتلوں کو خشک عمل کے ذریعے استعمال کیا گیا ہے جس سے پلاسٹک کےزیاں میں کمی ہوتی ہے۔نان بائیوڈیگریڈ ایبل اور زہریلا ہونے کے باعث پلاسٹک ماحولیات کے لیے بھی خطرناک ثابت ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ایک سادہ پلاسٹک بیگ کو گلنے میں 500سال لگ سکتے ہیں جبکہ پلاسٹک کی بوتل گلنے کے لیے300سال کا عرصہ لے سکتی ہے۔عام سڑکوں کے مقابلے میں پلاسٹک کی سڑکیں تین گنا زیادہ لچک دار اور پائیدار ہوتی ہیں اور ان کی عمر بھی تقریباً تین گنا طویل ہوتی ہے۔
مزید برآں عام سڑکوں کی تعمیر کے لیے استعمال ہونے والا مواد بہت مہنگا ہوتا ہے جبکہ استعمال شدہ پلاسٹک تقریباً بلا قیمت ہوتا ہے جس سے سڑک کی تعمیر اتی لاگت کئی گنا کم ہو جاتی ہے۔یہ ایجاد نسبتاً زیادہ پائیدار ہے اور پلاسٹک کے کچرے کی صورت میں ہمارے سماج کو درپیش مسئلے سے نمٹنے میں بھی معاون ہے۔
کراچی میں اس نئی تعمیر شدہ سڑک کے افتتاح پر شیل پاکستان کے چیف ایگزیکٹو اور منیجنگ ڈائریکٹر، وقار صدیقی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ہم نے اپنی لیوبریکنٹس کی بوتلوں کو سٹرک کی تعمیر کے لیے استعمال کیا ہے اور اس کا نتیجہ دیکھ کر مجھے حیرت آمیز خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جدید طریقہ پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے اور مستقبل میں، پاکستان کو، انفرااسٹرکچرکے ماحول دوست پروجیکٹس میں بھی مدد فراہم کر سکتا ہے۔
اس طرح کے مزید جدید سولوشنز کو جانچنے اور آزمانے کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ یہ صاف ستھرے معاشرے کی تعمیر میں حصہ دار ثابت ہوں گے۔
توانائی کی فراہمی میں شیل ذمہ دارانہ طریقے استعمال کرتا ہے۔ ہمارا مقصد ماحول پرکسی بھی منفی اثرات کو محدود کرنا اور کاربن سے پاک مستقبل کی جانب منتقلی میں مدد کرنا ہے۔
ہم موسمی تبدیلی کی اہمیت کو بھی تسلیم کرتے ہیں اور ساتھ ہی عمدہ معیار زندگی کے حصول اور اسے برقرار رکھنے میں لوگوں کی مدد میں اپنا کردارادا کرتے ہیں۔