ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے، وزیراعظم

395

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امید کا نیا سورج طلوع اور ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے،پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 2231پوائنٹس کے غیرمعمولی اضافے کے ساتھ کاروبار کے آغاز اور نیا ریکارڈ قائم ہونے قوم اور کاروباری برادری کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلسل محنت اور درست پالیسیوں کے نتیجے میں معاشی بحالی کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ قائد محمد نوازشریف نے معاشی ترقی، مہنگائی میں کمی اور پاکستان کی تعمیر وترقی کا سفر جہاں چھوڑا تھا، وہیں سے دوبارہ آغاز ہو رہا ہے ۔ الحمدللہ! ملک دوبارہ ترقی کے راستے پر گامزن ہو چکا ہے ۔ شدید مایوسیوں کے بعد امید کا نیا سورج طلوع ہو رہا ہے۔قوم کو مبارک ہو ۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے اور 3ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے نتیجے میں سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کا اعتماد تیزی سے بحال ہو رہا ہے ۔ خدا کرے کہ پاکستان کی ترقی کا سفر یوں ہی جاری رہے ۔ پاکستان کی ترقی کے بیج جڑ پکڑنا شروع ہوگئے ہیں، پرخلوص محنت، دیانت داری اور سچائی ثمر لا رہی ہے ۔ قائد محمد نوازشریف کے تعمیر، ترقی اور عوام کی خوش حالی کے وژن پر ایک بار پھر عمل پیرا ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح 2013 سے 2018 کے درمیان پاکستان کو توانائی کے بحران، دہشت گردی اور دیگر مسائل سے نجات دلائی تھی، معاشی ترقی لائے تھے، ایک بار پھر اسی جذبے سے پاکستان کو ترقی کی راہ پر لارہے ہیں ۔ قومی ترقی اور معاشی استحکام کے سفر کو اسی سمت اور اسی جذبے و محنت سے جاری رکھنا ہو گا ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس طرح نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کا آغاز کیا، معیشت بحال کی، مہنگائی 4فیصد اور کھانے پینے کی اشیا کی شرح 2فیصد پر لائے تھے، ترقی کی شرح 6.1فیصد اور پالیسی ریٹ ساڑھے 6فیصد پر تھا، اب دوبارہ ترقی کے اسی سفر کی طرف لوٹ رہے ہیں ۔ اب زراعت، آئی ٹی، صنعت سمیت دیگر تمام شعبوں میں ترقی کا سفر تیز ہو گا ۔ ان شا اللہ۔ پھر عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے، نوجوانوں کو روزگار، کاروبار اور معاشی خودمختاری سے ہم کنار کریں گے۔