پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے سابق منتخب ارکان اسمبلی کو پارٹی چھوڑنے کیلئے اکسانے اورشوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے پر مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی بنیادی رکنیت ختم کرنے اور انہیں پارٹی سے نکالنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
تاہم پرویز خٹک نے پارٹی نوٹس کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کوئی سرکاری ملازم تو نہیں جو شوکاز نوٹس کا جواب دیں گے انہیں شوکاز نوٹس کی کوئی پروا نہیں، 9مئی کا واقعہ چیئر مین کا چند لوگو ں سے مشاورت کا نتیجہ ہے، عمران خان کو ہمیشہ مثبت سیاست اور مثبت سوچ کا درس دیا مگر ان کی سوچ اور ایجنڈا کچھ اور تھا۔
ذرائع کا دعوی ہے کہ تحریک انصاف کے 30سے زائد سابق ارکان اسمبلی نے پرویز خٹک کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے جس کے بعد ممکنہ طور پر وہ جلد ہی اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔