کراچی:چیف ایگز یکٹو الخدمت فاونڈیشن کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ قربانی کی ریکارڈ کھالیں الخدمت کو دینے پر اہل کراچی کے مشکور ہیں ۔لوگوں کا جذبہ قابل قدر ہے، الخدمت کے تحت عیدالا ضحیٰ پر سیکڑوں فی سبیل اللہ( وقف) قربانی کی گئیں۔
نوید علی بیگ نے کہاکہ جس میں اہل خیر نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور قربانی کا گوشت مستحقین اور ضرورت مندوں تک پہنچایا ۔ الخدمت کے سیکڑوں رضاکاروں نے عید الاضحی کے تینوں دن خدمت کے اس عمل میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے شہر بھرمیں قائم اجتماعی قربانی میں بھی حصہ لیا ،جس کیلئے شہر کے تمام اضلاع میں قربان گاہیں قائم کی گئی تھیں، الخدمت نے ہمیشہ کی طرح ،شام ،فلسطین( غزہ ) اور روہینگیااورترکی مہاجرین کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کیا اوران کے علاقوں میں قربانی کا اہتمام کر کے گوشت پہنچایا۔
چیف ایگز یکٹو الخدمت نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے عید الاضحی پر سیلاب متاثرین کو بھی نظر انداز نہیں کیا گیااورمتاثرہ علاقوں میں قربانی کا اہتمام کیا گیا اور انہیں عید کی خوشیوں میں شریک کیاگیا۔
نوید علی بیگ نے الخدمت کے کھا لوں کے قائم مرکز کا بھی دورہ کیا اور وہاں کھالوں کی وصولی اور اس کو محفوظ بنانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور الخدمت کے رضاکاروں کی محنت اورلگن کو سراہا ۔