دورۂ سری لنکا: پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ آج شروع ہوگا

652

کراچی: دورۂ سری لنکا  کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ  آج منگل سے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

حنیف محمد ریجنل اکیڈمی گراؤنڈ پر تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے  قومی ٹیم کے  کھلاڑی  پیرکی شب کراچی پہنچ گئے۔ان میں فریضہ حج کے ادائیگی کے  بعد واپس وطن پہنچنے  والے قومی کپتان بابر اعظم اور  نائب کپتان محمد رضوان بھی شامل ہیں، تاہم فاسٹ بولر حسن علی منگل کو کراچی پہنچ کر کیمپ جوائن کر لیں گے۔

ٹیم کے تمام کوچز سمیت سپورٹنگ اسٹاف کے ارکان بھی کراچی پہنچ گئے۔ جمعہ تک جاری رہنے والے  4 روزہ کیمپ کے اختتام پر پاکستان کرکٹ ٹیم  دورہ سری لنکا  کے لیے 9 جولائی کو کولمبو پہنچے گی۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی  ٹیم 11اور12  جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔

پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی اور دوسرا ٹیسٹ  کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں 24سے 28جولائی تک شیڈول ہے۔

دورہ سری لنکا کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم  بابراعظم ( کپتان ) محمد رضوان ( وکٹ کیپر اور نائب کپتان ) عامر جمال، عبداللہ شفیق، ابرار احمد ،حسن علی، امام الحق، محمد حریرہ، محمد نواز، نسیم شاہ،نعمان علی، سلمان علی آغا،سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور شان مسعود پر مشتمل ہے۔