نارووال: وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ معاہدہ سے پی ٹی آئی میں صف ماتم بچھ گیا، اس مہم کے پیچھے کوئی غیر یا بیرونی عناصر نہیں تھے بلکہ اس مہم کے پیچھے پی ٹی آئی اور عمران خان کا گروہ تھا، اس نے پاکستان کو ڈیفالٹ کروانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ ناکام ہوئے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہاکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کو کامیاب کرنے میں ہماری وزارت خزانہ نے بہت محنت کی خاص طور پر وزیر اعظم پاکستان نے پیرس میں آئی ایم ایف کے ایم ڈی کے ساتھ انگیج منٹ کی اس سے بریک تھرو میں مدد ملی آئی ایم ایف کا معاہدہ ہونا اس لئے ضروری تھا کیونکہ پاکستان کے خلاف ایک مہم چلائی جا رہی تھی کہ خدانخواستہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے اور پاکستان میں معاشی بحالی کو تقویت ملے گی،نوجوان کے مستقبل کا انحصار ہماری معیشت کی بحالی سے ہے۔