زمباوے: کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے کوالیفائنگ مقابلے دلچسپ اور نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں،ویسٹ انڈیز پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا کیونکہ دو بار کی چیمپئن کوالیفائنگ ایونٹ میں اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں سات وکٹوں سے شکست کھا گئی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جیسن ہولڈر 45 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، روماریو شیفرڈ نے 36 رنز بنائے۔ اسکاٹ لینڈ کے برینڈون مک مولن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے 182 رنزکا ہدف اسکاٹ لینڈ نے 44 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کرلیا اور 7 وکٹوں سے شکست دی۔ اسکاٹ لینڈ کے میتھیو کراس نے 74 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی جبکہ برینڈن میک کلم نے 69 رنز بنائے۔ اس شکست کے ساتھ ہی دو مرتبہ کا عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز پہلی بار ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کرسکا۔
یہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ویسٹ انڈیز کی مسلسل تیسری شکست تھی جس کے بعد وہ پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔ بھارت میں ہونے والا کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ویسٹ انڈیز کے بغیر ہونے والا پہلا ورلڈ کپ ہوگا۔