بچوں کے دودھ پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کر دیاگیا

621
Sales tax

لاہور: بچوں کا دودھ بھی مزید مہنگا ہو گیا ہے، وفاقی حکومت نے بچوں کے دودھ پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں بچوں کے 500 روپے مالیت تک کے دودھ کے ڈبے پر سیلز ٹیکس 5 فیصد سے بڑھا کر6فیصد کردیا جس سے دودھ کے ڈبے کی قیمت بڑھے گی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بچوں کے دودھ پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کے علاوہ دیگر ڈیری اشیاء پر عائد ٹیکس میں اضافہ کر دیا۔ ٹیٹرا پیک دودھ و دیگر ڈیری اشیاء پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ٹن میں پیک مچھلی اور ڈبے میں پیک مرغی کے گوشت پر بھی ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران اضافی ٹیکس عائد کیے جانے کے حوالے سے چئیرمین ایف بی آر نے بتایا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 200 ارب روپے کے اضافی ٹیکسز عائد کیے ہیں۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 175 ارب روپے کے براہ راست ٹیکسز لگائے گئے ہیں جبکہ 25 ارب روپےکے بلاواسطہ ٹیکسز لگائے گئے ہیں۔ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے بیرون ممالک میں استعمال پر ود ہولڈنگ میں اضافہ کیا گیا یے، نان فائلرز پر 10 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا جبکہ فائلرز پر 5 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔