نواز اور شہباز کی لندن ملاقات میں نگراں سیٹ اپ پر تبادلہ خیال

524

لندن :وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے نگراں سیٹ اپ اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم فرانس کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد برطانیہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے پیرس میں نیو گلوبل فنانشل پیکٹ سمٹ میں شرکت کی،انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں اصلاحات، موسمیاتی فنانس، گرین انفراسٹرکچر، ایس ڈی جیز کے حصول اور قرض سے متعلق حل کے لیے پاکستان کا نقطہ نظر اور تجاویز پیش کیں۔

وزیر اعظم نے سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور چینی وزیر اعظم لی کیانگ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔

شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات کی جس میں مسلم لیگ (ن) کے سپریمو جو اپنے علاج کے لیے کئی ماہ سے لندن میں مقیم ہیں، کی پاکستان واپسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم جی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ان کی ملاقات تعمیری رہی۔

 انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے عہدیدار کو آگاہ کیا کہ پاکستان نے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے عالمی قرض دہندہ کی جانب سے پیش کردہ تمام شرائط پر عمل درآمد کر دیا ہے۔ جس کی میعاد 30 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج کی میعاد ختم ہونے سے قبل معاہدہ کر لیں گے۔

دوسری جانب نواز شریف کی قانونی ٹیم نے اگلے ماہ پاکستان واپسی کا عندیہ دیا ہے کیونکہ اگست میں موجودہ قومی اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے ساتھ عام انتخابات قریب آرہے ہیں۔ توقع ہے کہ انتخابات اس سال ستمبر یا اکتوبر میں ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے سپریمو شہباز شریف کے ہمراہ دبئی جائیں گے اور پھر ان کے سعودی عرب جانے کا امکان ہے۔