آئی ایم ایف فیصلے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ، 7دن میں آرہوگا یا پار،شیخ رشید

337
Imran Khan

راولپنڈی: سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے فیصلے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ، 7دن میں آرہوگا یا پار ، پتا چل جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کاکہنا ہے کہ حکمرانوں کا زور تقریروں اور تصویروں پر ہے، معیشت کا ٹائی ٹینک ڈوب رہا ہے اور مزید سیاسی عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی حکومت عوام کے دلوں میں کی جاتی ہے، بیساکھیوں کے سہارے سیاست کرنے والے بالآخر سیاسی موت مرتے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اصولوں اورعوام کی خدمت کے لیے جینے مرنے اور اپنے خاندان کیلئے کام کرنے والوں میں فرق ہوتا ہے، بلاول اپنی باری کے خواب دیکھ رہا ہے، خواب دیکھنے پرکوئی پابندی نہیں یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوں گے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ان بحرانوں سے بھی نکلے گا اور ان منی لانڈروں سے بھی چھٹکاراحاصل کریگاخدا کے ہاں دیرہے اندھیر نہیں۔ سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں شفاف ہوں گے کہ نہیں یہ عوام کے لیے سوالیہ نشان ہے، لیکن پاکستان کی زندگی سیاسی استحکام میں پوشیدہ ہے اور سیاسی استحکام صاف شفاف الیکشن سے ہی مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ لوٹی ہوئی دولت نہ بیرون ملک جائیدادیں کام آئیں گی، عوام کی آہیں ،صدائیں ،آہ و بقاء،سسکیاں،بددعائیں حکومت کو لے ڈوبیں گی، باشعور عوام وقت آنے پر ایسا شعوری فیصلہ دیں گے کہ کرپٹ مافیا کی آنکھیں کھلی رہ جائیں گی۔

شیخ رشید نے وزیرخزانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 200روپے کا ڈالر کرنے والا حواس باختہ ہوچکا ہے، کبھی آئی ایم ایف کو للکارتا ہے کبھی سفیروں کے پاؤں پڑتا ہے، کبھی صحافیوں پر حملہ کرتا ہے، اتفاق فاؤنڈری کا منشی رشتے دار تو بن سکتا ہے اکانومی تباہ کرسکتا ہے،اکانومسٹ نہیں بن سکتا۔