اسلام آباد: بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ یہ زیادتی ہے کہ حکومت 7 رکنی بینچ کو نہیں مان رہی، یہ سوچا بھی نہ تھا کہ وزیر دفاع اور وزیراعظم ایسا کہیں گے، عدالت نے اگر ان پر توہین لگادی تو یہ عہدوں پر نہیں رہیں گے۔
فوجی عدالت میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف کیس کے درخواست گزار وکلا اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔
اس موقع پر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے بارے میں ایسی گفتگو نہیں ہونی چاہیے، ہم نے درخواست کی کہ فل کورٹ بنایا جائے۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ ملٹری کورٹس آئین کے خلاف ہیں، سویلین پر آرمی ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوتا، 1952 کے آرمی ایکٹ میں افواج کے ملازمین کا ذکر تھا، 1967 میں ایوب خان یہ شقیں لائے تھے، فاطمہ جناح کیخلاف اور 65 کی جنگ کے بعد یہ شقیں لائی گئیں۔