شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو درخواست ضمانت پر ریلیف نہ مل سکا

395

 اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے 2 سابق وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی اور اسد عمر درخواست ضمانت پر عدالت کے سامنے پیش نہ ہونے کی وجہ سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ریلیف لینے میں ناکام ہوگئے۔

 عدالت نے دونوں پی ٹی آئی رہنماں کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کی جمعہ  تک کیلئے مزید مہلت دے دی۔

 اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی 9 مئی واقعات پر تھانہ ترنول میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

 پٹیشنرز کے وکیل علی بخاری نے بتایا کہ دونوں رہنما ہائیکورٹ میں پیش ہونے کیلئے صبح ساڑھے 7 بجے آئے مگر پولیس نے دونوں کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا، پولیس نے ہائیکورٹ کے دروازے بند کر دیئے تو وہ واپس لوٹ گئے، عدالت ہائی کورٹ گیٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ لے۔

 عدالت نے وکیل کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو جمعہ  تک پیش ہونے کی مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

 اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے 2 روز قبل شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت درخواستیں خارج کر دی تھیں اور انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔