آئندہ انتخابات میں پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹ دیں گے، مریم نواز

760
providing free medicines

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ آئندہ انتخابات میں پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں اور کارکنوں کو ٹکٹ دیں گے.

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، رُکن قومی اسمبلی ملک سہیل خان اور سابق ایم پی اے اختیار ولی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کے دوران پارٹی تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ رہنماؤں نے پارٹی انتخاب میں نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مریم نواز کو مبارکباد پیش کی، پارٹی کو فعال اور تنظیمی طور پر متحرک بنانے پر مریم نواز کی کاوشوں اور سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان باالخصوص بلوچستان کی ترقی نواز شریف کے دِل کی آواز ہے، صوبے کی ترقی میں عوام کو شراکت دار بنانا چاہتے ہیں، بلوچستان میں احساس محرومی دور کرنے کیلئے جامع اور ٹھوس اقدامات پر کاربند ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے دانش سکول، جدید معیار کی ووکیشنل درس گاہوں کے قیام کے اقدامات کیے ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا ہے کہ پارٹی کے نظریاتی، وفادار اور محنتی رہنماؤں اور کارکنوں کی قدر کرتے ہیں، وقت کی آندھیوں میں ثابت قدم رہنے والے پارٹی کے سر کا تاج ہیں، آئندہ انتخابات میں پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں اور کارکنوں کو ٹکٹ دیں گے۔