ون مین کمیشن کی اضافی گرانٹ، سپریم کورٹ کی حکومت کو جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت

291
approved

اسلام آ باد: سپریم کورٹ نے حکومت کو ون مین کمیشن کی 19 ملین اضافی گرانٹ کی درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔ 

سپریم کورٹ میں اقلیتوں سے متعلق عدالتی فیصلے پر قائم ون مین کمیشن کو فنڈز فراہمی کیس کی سماعت ہوئی، عدالت عظمی نے حکومت کو کمیشن کی 19 ملین اضافی گرانٹ کی درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔

 جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی تو جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ اضافی فنڈز فراہمی کے حوالے سے کیا پیشرفت ہے۔

 ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ عدالت میں تحریری جواب جمع کروایا ہے، عدالت حکم دے گی تو فنڈز فراہم کر دیں گے۔

 جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ فنڈز فراہمی کا حکم دینا عدالت کا نہیں حکومت کا کام ہے، حکومت موجودہ سیشن کے دوران فنڈز فراہمی پر فیصلہ کرے۔

 رمیش کمار نے عدالت کو بتایا کہ ون مین کمیشن کو اضافی فنڈز کی فراہمی پر میرا اعتراض ہے، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اضافی فنڈز کی وضاحت ہے یا نہیں یہ فیصلہ فنڈز دینے والے کریں گے۔ 

بعدازاں عدالت عظمی نے حکومت کو ون مین کمیشن کی 19 ملین اضافی گرانٹ درخواست پرجلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔