نارووال: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کی سیاسی جلسوں میں ایک دوسرے پر تنقید سے بے یقینی پیدا ہوگی، ہمیں آپس میں ایک دوسرے کے خلاف نیا محاذ کھولنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اتحادی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام فیصلے اتفاق رائے سے کرنے کی کوشش کررہی ہے، اتحادی حکومت کے کچھ فائدے اور کچھ نقصانات بھی ہوتے ہیں، فیصلہ سازی کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے میں وقت لگتا ہے لیکن ان فیصلوں کو وسیع البنیاد حمایت حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ہمیشہ ہر اتحادی جماعت کو ہر فیصلے میں شریک کیا ہے، پالیسی سے متعلق اہم فیصلوں میں تمام جماعتیں شریک ہوتی ہیں، بجٹ کی تیاری اور کابینہ سے منظوری میں بھی تمام جماعتیں شریک تھیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہماری اتحادی جماعتوں میں یہ احساس پیدا ہوگا کہ سیاسی جلسوں میں ایک دوسرے پر تنقید کی جائے گی تو بے یقینی پیدا ہوگی، اگر آپ کی کوئی شکایات ہیں تو وزیراعظم نے ہمیشہ ان شکایات کو دور کیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں جلسوں میں باتیں کرنے سے ہرہیز کرنا چاہیے اور کابینہ کے اندر بیٹھ کر اپنا موقف رکھنا چاہیے تاکہ ہم ملک میں کسی سیاسی غیریقینی کو فروغ نہ دیں جو عمران خان کا شیوہ تھا، ہمیں آپس میں ایک دوسرے کے خلاف نیا محاذ کھولنے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان ابھی خطرات سے پوری طرح نہیں نکلا ہے۔