لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا،جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے ہر وہ طریقہ اختیار کرے گی جس کی آئین پاکستان میں اجازت ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ عدالتوں میں بھی جائیں گے اور پرامن احتجاج بھی کریں گے، شہر کو ایک شہزادے کی خواہش کے مطابق نہیں چلایا جاسکتا، پیپلز پارٹی اندرون سندھ پر توجہ دے جو موہنجوداڑو کا منظر پیش کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مئیر کے انتخاب کا دن شہر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، ایک طرف سوا تین لاکھ دوسری جانب جماعت اسلامی کے 9لاکھ ووٹ تھے مگر سوا تین لاکھ والوں کو فاتح قرار دے دیا گیا ، جمعرات کے واقعہ سے لوگوں کا جمہوریت پر اعتقاد بالکل ہی اٹھ گیا جو پہلے ہی متزلزل تھا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہوگیا ، اسے ادارے کی ملی بھگت کا نام دے لیں یا نااہلی کہہ لیں ، حقیقت یہ ہے کہ کراچی بلدیاتی انتخابات کے ہر مرحلے پر بدترین دھاندلی ہوئی، الیکشن کمیشن ایک شہر میں شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں بنا سکا تو پورے ملک میں یہ عمل کیسے ہوگا ، ایک سوالیہ نشان بن چکا ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ میئر انتخاب کے دوران اکتیس منتخب افراد کا سرے سے ہی غائب ہوجانا ملکی تاریخ کا انوکھا ترین واقعہ ہے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے تحفظ اور آئین ، قانون اور انصاف کی بالادستی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔