بیجنگ:چین نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کو مسئلہ فلسطین کا واحد حل قرار دے دیا۔
چین کے صدر شی جن پنگ اور فلسطینی صدر محمود عباس نے بیجنگ میں چین کے عظیم ہال آف دی پیپل میں ایک تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں چینی صدر نے اپنے فلسطینی ہم منصب کو یقین دہانی کرائی کہ چین فلسطینیوں کی اندرونی مفاہمت کے حصول اور اسرائیل کے ساتھ امن مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا بنیادی حل 1967کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم (بیت المقدس)ہو،چین نے فلسطین کے اقوام متحدہ کا مکمل رکن بننے کی بھی حمایت کی ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا کہ چین فلسطین کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔