ابوظبی: دبئی میں ایک عالی شان محل فروخت کے لیے تیار ہے، جس کی قیمت 57 ارب 87 کروڑ 76 لاکھ 76 ہزار 400 روپے (75 کروڑ درہم) مقرر کی گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے معروف ترین شہر دبئی کے علاقے ایمرٹس ہلز میں واقع اس پرتعیش محل کا اندرونی رقبہ تقریباً 60 ہزار مربع فٹ ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس وسیع و عریض محل کے اندر بیڈ رومز کی تعداد صرف 5 ہے، تاہم دلچسپی کا پہلو یہ ہے کہ اس کا صرف مرکزی بیڈ روم ہی تقریباً 4 ہزار مربع فٹ کے سائز کا ہے۔
اس محل کے گراؤنڈ فلور پر کھانے کی مخصوص جگہ کے علاوہ تفریح اور مشاغل کے لیے علیحدہ کمرے اور ہال بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر دستیاب سہولیات میں یہاں گاڑیاں پارک کرنے کے 15 گیراج موجود ہیں، پیراکی کے لیے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سوئمنگ پولز، 2 بڑے گنبد، مچھلیوں کے لیے 15 ہزار 400 گیلن کا حامل ایکوریم، بجلی کی خصوصی فراہمی کے لیے پاور سب اسٹیشن اور ایمرجنسی بنکر بھی موجود ہے۔
پراپرٹی سے وابستہ دنیا میں اس شہرت یافتہ محل کو ماربل پیلس کے نام سے جانا جاتا ہے، جو مجموعی طور پر 12 سال کے عرصے میں تیار کیا گیا تھا۔ 5 سال قبل 2018ء میں مکمل ہونے والے اس پرتعیش محل کی فروخت کے معاملات دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ اس کی خریداری میں روسی زیادہ دلچسپی ظاہر کررہے ہیں۔