لاہور: ہاکی پلیر نعیم خان نے کہا ہے کہ ملک کی ہاکی کو ٹھیک کرنے کےلئے بغیر پیسے ذمہ داریاں نبھانے کو تیار ہوں۔
نعیم خان کا نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف ٹو پر خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی میں بچوں کے ساتھ بھرپور سیشین کے بعدنجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کے موجودہ حالات دیکھ کر بہت رونا آتا ہے،بیرون ملک کام کا اچھا معاوضہ ملتاہے تاہم ملکی ہاکی کو ٹھیک کرنے کے لیے بغیر پیسے کے بھی ذمہ داریاں نبھانے کو تیار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیدڑیشن غیر ملکی کوچز کو ہزاروں ڈالرز پر بلاتی ہے مگر اپنے کوچز کی قدر نہیں کرتی، ہم سے گوریفائدہ اٹھارہے ہیں، پاکستان ہاکی کو درست سمت میں گامزن کرناہے تو بھرپور پلاننگ کے ساتھ چھوٹے بچوں پر توجہ دینا ہوگی۔
نعیم خان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی ٹیموں نے بھی اس فارمولے کواختیار کرکے ہاکی میں نمایاں مقام بنایاہے، پاکستان ہاکی ختم نہیں ہوئی، اب بھی ہاکی ورلڈ میں پاکستانی لڑکوں جیسی سکل کسی کے پاس نہیں۔ نیک نیتی اور ایماندار کے ساتھ میرٹ پر کام کیاجائے تو ہم کھویا ہوا مقام پاسکتے ہیں۔