کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے میئر کے انتخاب کے حوالے سے سپریم کورٹ کو اپنے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے خط لکھ دیا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی ریاستی مشینری استعمال کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے نو منتخب نمائندوں کو اپنے میئر کے امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے گرفتار کر کے دباؤ ڈال رہی ہے جب کہ پی ٹی آئی نے میئر کے انتخاب کے لیے جماعت اسلامی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے ۔
حافظ عیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے میئر کے انتخاب کے حوالے سے پی ٹی آئی کے 4منتخب نمائندوں کو گرفتار کیا ہے ۔ جماعت اسلامی کی درخواست پر معزز سندھ ہائی کورٹ نے گرفتار بلدیاتی نمائندوں کو میئر کے انتخاب میں ووٹ ڈالنے کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ معزز عدالت کے احکامات کے مطابق جو منتخب نمائندہ پارٹی فیصلے کے خلاف ووٹ ڈالے گا اس کا ووٹ شمار نہیں ہو گا اور وہ ڈس کوالیفائی تصور کیا جائے گا۔