بلاول نے اگر کراچی پر قبضے کی کوشش کی تو بد نما داغ پیپلزپارٹی کے منھ پر لگائیں گے، حافظ نعیم

1047

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی و بلدیہ عظمی کراچی کے لیے میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلاول زرداری سن لے کہ کراچی پر قبضے کے خلاف جماعت اسلامی پوری دنیا میں بے نقاب کرے گی اور ایک بد نما داغ پیپلزپارٹی کے منھ پر لگائیں گے۔

شاہراہ قائدین پر تاریخی و عظیم الشان “تحفظ کراچی مارچ” سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  پیپلزپارٹی نے سن 70 میں بھی عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا اور ملک کو دولخت کردیا، پیپلزپارٹی ک لوگ کنونشن لیگ میں تھے اور ایوب خان ڈکٹیٹر کو ڈیڈی کہتے تھے انہوں نے مادر ملت فاطمہ علی جناح کو ہرواکر ڈکٹیٹر کو جتوایا تھا۔

انہوں نے کہاکہ  ہم نے سمجھا تھا کہ شاید پیپلزپارٹی ماضی سے کچھ سیکھے گی لیکن انہوں نے وہی روایت قائم کی ہوئی ہے،جماعت اسلامی کی جدوجہد اور تحریک سے بلدیاتی انتخابات منعقد ہوا، پیپلزپارٹی نے ری کاؤنٹنگ کے نام پر جماعت اسلامی کی نشستوں پر قبضہ کیا، پیپلزپارٹی نے پولنگ اسٹیشنز پر غنڈوں کو لاکر بٹھادیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ آج پورے پاکستان میں کراچی کے مینڈیٹ پر قبضے کے خلاف یوم احتجاج منایا جارہاہے، کراچی کے مینڈیٹ پر وڈیرے اور جاگیردار قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے تمام طریقے اختیار کرلیے ہیں،  الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر سندھ حکومت نے اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کروائیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے اس چیلنج کو قبول کیا اور انتخابات میں حصہ لیااور ہم نے من پسند حلقہ بندیوں کے باوجود پیپلزپارٹی کو شکست سے دوچار کیا، پیپلزپارٹی نے حکومتی مشینری کا استعمال کر کے مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن شام 5 بجے نتائج آنے لگے تو نتیجہ دینے سے روک دیاگیا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے فارم 11 اور 12 کے حصول کے لیے جدوجہد کی اور زبردستی فارم حاصل کیے،  پیپلزپارٹی نے 6 یوسیز کا فیصلہ پر ازخؤد نوٹس لیا تھا اس پر بھی الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کو 6 نشستیں دے دی گئیں، اورنگی ٹاؤں کی 6 یوسیز کے خلاف ہائی کورٹ میں بھی پٹیشن دائر کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ  میئر کے انتخاب میں پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا، پی ٹی آئی کی حمایت کے بعد جماعت اسلامی کی اکثریت واضح طور پر ثابت ہوگئی ہے، کون سا حساب ہے جو 193 والے نمبر ہرا کر 155 والے کو جتوادے، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے ووٹ 9 لاکھ ہیں اور پیپلزپارٹی کے 3 لاکھ ووٹ بھی نہیں ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  وراثت اور وصیت پر چلنے والی جماعتیں جمہوریت کے نام پر عوام کو دھوکا دیتے ہیں، جماعت اسلامی کراچی کے مینڈیٹ کا تحفظ کرے گی، جماعت اسلامی 15 جون کو پیپلزپارٹی کے تمام ہتھکنڈوں کو باوجود جماعت اسلامی کامیاب ہوگی،

کراچی: پیپلزپارٹی اگر طاقت کے ذریعے قبضہ کرنے کی کوشش کرے گی تو ہر محاذ پر مزاحمت کریں گے۔