ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: آسٹریلیا کا فائنل میں بھارت کو جیت کیلیے 444 رنز کا ہدف

1080

اوول: ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے 270 رنز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر اننگز ڈیکلیئر کردی اور بھارت کو جیت کیلئے 444 رنز کا ہدف دیدیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اوول کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کرکٹ پر عالمی حکمرانی کی جنگ جاری ہے جس میں اب تک آسٹریلیا کی گرفت مضبوط نظر آرہی ہے، میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے کھیل کا آغاز 4 وکٹوں پر 123 رنز کے ساتھ کیا اور 270 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔

7 جون کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 469 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 296 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی اور اسے 173 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت دوسری بار ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیل رہا ہے اس سے قبل 2021 میں نیوزی لینڈ نے فائنل جیت کا بھارت کے ٹیسٹ کرکٹ میں حکمرانی کا خواب چکنا چور کر دیا تھا۔