بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں 114 ارب روپے کا اضافہ

437

اسلام آباد: حکومت نے بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی رقم 250 ارب روپے سے بڑھا کر 364 ارب روپے کردی۔

وفاقی حکومت نے مالی سال 2023  24 میں بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی مختص رقم میں اضافہ کیا ہے، 2021-22 میں یہ رقم 250 ارب روپے تھی جو اب بڑھا کر 364 ارب روپے کردی گئی ہے۔

نئے بجٹ میں یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن پر اشیا کی سبسڈی کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اور 5 ارب روپے کی اضافی رقم رمضان پیکیج کے طور پر رکھی گئی ہے۔ بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت 90 لاکھ خاندانوں کو بے نظیر کفالت کیس ٹرانسفر پروگرام کی سہولت میسر ہوگی، جس کے لیے 266 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام کا دائرہ بھی ایک کروڑ بچوں تک بڑھایا جائے گا، جس کے لیے 35 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔ جب کہ 10 ہزار طلبا کو بے نظیر انڈر گریجویٹ اسکالر شپ دیا جائے گا، جس کے لیے 9 ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔

بے نظیر نشوونما پروگرام تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا، جس پر تقریبا 21 اعشاریہ 5 ارب روپے لاگت آئے گی، جب کہ 6 ارب روپے مستحق افراد کے علاج کے لیے پاکستان بیت المال میں رکھے گئے ہیں۔