کراچی: حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی قائم مقام نگراں آئی ٹی اسماء رشید نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے میدان میں ترویج کے نئے ذرائع استعمال کرکے دور رس نتائج حاصل کرنے کی ضرورت ہے.
یہ بات حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی قائم مقام نگراں آ ئی ٹی اسماء رشید نے شعبہ نشرواشاعت کے زیر اہتمام ضلع گلبرگ، ضلع وسطی اور ضلع شمالی کے سوشل میڈیا سے وابستہ کارکنان کی دو روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انھوں نے کہا کہ اصول و قواعد کی پاسداری کرتے ہوئے اس محاذ پر کام کریں۔ اس موقع پر مرکزی نگراں نشرواشاعت فریحہ اشرف نے کہا کہ کونٹینٹ اور بلاگ رائٹنگ کے ذریعے مختصر الفاظ میں اثر انگیز پیغام پہنچانا ضروری ہے۔ جس کے لیے گہرائی سے اخبار کے اداریئے، کالمز اور کتب کا مطالعہ اہم ہے۔ ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی اسماء سفیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وقت کے تقاضوں کے مطابق کام کرنے سے دعوت کے وسیع میدان سامنے آتے ہیں۔