اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن تسلیم کرلی ہیں، اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں جس وقت ذمے داری ملی، تو سب سے مشکل کام آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی تکمیل کا درپیش تھا، کیونکہ گزشتہ حکومت نے اس معاہدے کو تباہ کردیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب ہم عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی تمام شرائط کو من و عن تسلیم کر چکے ہیں، اس پر عمل کرکے دکھا چکے ہیں، لہٰذا اب ایسی کوئی چیز باقی نہیں رہی جو آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے میں رکاوٹ بن سکے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سنبھالتے ہی ملک کو سیلاب کی تباہیوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں ملک کو 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا۔ دوست ممالک نے بروقت ہماری مدد کی، جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ایک گھنٹہ طویل ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، جس میں انہوں نے دو اقدامات کرنے کی صورت میں مجھے زبانی یقین دہانی کروائی، اور ہم نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کردی ہے۔