ن لیگ اورپی پی پی جلد آمنے سامنے ہوں گے ،شیخ رشید

312

راولپنڈی:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں پھوٹ ہے ، ن لیگ اورپی پی پی جلد آمنے سامنے ہوں گے ، پاکستان میں اس سے خراب اقتصادی سروے پہلے کبھی نہیں آیا،حکومت تمام معاشی اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،زراعت صنعت سرمایہ کاری میں شدید کمی گروتھ منفی ایکسپورٹ12فیصد ترسیلات13فیصدکم زرمبادلہ کے ذخائر4ارب ڈالرسے بھی کم، آئی ایم ایف کی ساری شرطیں قبول پھربھی حکومت آئی ایم ایف کومنانے میں ناکام رہی۔ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے جمعہ کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 40فیصدمہنگائی بڑھی ہے دنیامیں آٹے اورتیل کی قیمت آدھی اورپاکستان میں دگنی ہوگئی ن لیگ کے پاس نہ سواری ہے نہ سٹیئرنگ پر ڈرائیورہے صرف خواہشیں خواب اورخبریں ہیں،ن لیگ کوباغ کے الیکشن میں ٹریلر سے سمجھ آجانی چاہیے ابھی فلم آناباقی ہے، پی ڈی ایم میں پھوٹ ن لیگ اورپی پی پی جلد آمنے سامنے ہوں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ عوام مشرق کی طرف، سیاست مغرب کی طرف، معیشت شمال کی طرف، آئین وقانون جنوب کی طرف ہے۔20جون تک پتا لگ جائیگاکہ اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا،اصلی اور حقیقی منصوبہ ساز بھی فیصلہ نہیں کرپائے کہ سیاسی استحکام کیسے آئے گا، سارے معاشی عذاب عوام کے لیے ہیں اور اسے قومی فیصلوں سے لاتعلق رکھا جا رہا ہے۔