اسلام آباد: ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس میں سینئر صحافی کی والدہ نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش کیا جائے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی والدہ نے ایڈووکیٹ شوکت عزیز صدیقی کے ذریعے سپریم کورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی، فیصل واوڈا، سلمان اقبال، مراد سعید اور عمران ریاض کو شامل تفتیش کیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کے قتل سے متعلق ان تمام افراد سے شواہد حاصل کیے جائیں ۔ مقدمے کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر سپریم کورٹ کے اقدام کو سراہتی ہوں ۔ قتل کی تحقیقات پاکستان میں ہونے والی سازش سے شروع کی جائیں ۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ کئی افراد نے ارشد شریف کے قتل کی سازش کے بارے میں جاننے کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ اور نہ ہی جے آئی ٹی کی رپورٹ فراہم کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ جے آئی ٹی سربراہ کو 5 افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دے۔ ساتھ ہی عدالت جے آئی ٹی کی رپورٹس فراہم کرنے کا حکم بھی دے۔