لاہور: پی ٹی آئی کے منحرف رہنما جہانگیر ترین نے استحکام پاکستان کے نام سے اپنی نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کردیا، جس میں تحریک انصاف کے 100 سے زائد سابق ارکان اسمبلی اور دیگر رہنماؤں نے شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما علیم خان نے اپنی رہائش گاہ پر ارکان کو عشائیہ دیا، جس میں نئی جماعت کے نام کا اعلان کیا گیا۔ نئی سیاسی جماعت میں علیم خان نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے تقریباً 100 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے جہانگیر ترین پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والوں میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی، سابق وفاقی وزیر عامر کیانی، فردوس عاشق اعوان، محمود مولوی، فیاض الحسن چوہان، مراد راس اور جے پرکاش ہیں جب کہ فاٹا سے جی جی جمال، اجمل وزیر، پنجاب سے نعمان لنگڑیال اور نوریز شکور نے بھی اپنی شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
عشائیے میں عون چودھری سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے، جنہوں نے جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔امکان ہے کہ جہانگیر ترین کی جمعہ کے روز پی ٹی آئی کے سابق ارکان اور رہنماؤں کے ساتھ اہم پریس کانفرنس کریں گے، جس میں وہ ممکنہ طور پر نئی سیاسی جماعت اور اس کے منشور کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔