ملک میں بگاڑ پیدا کرکے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے پیچھے چھپنا بے سود ہے، آرمی چیف

358

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ میں بگاڑ پیدا کرنے کے بعد انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی آڑ میں چھپنا بے سود ہے۔

فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ملک میں بگاڑ پیدا کرنے اور فرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے پیچھے چھپنے کی تمام کوششیں بے سود ہیں۔ جمع کیے گئے بے شمار ناقابلِ تردید شواہد کو جھٹلایا جا سکتا ہے اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسر اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

فورم نے شہدا کی عظیم قربانیوں،  جن میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران وجوانوں اور سول سوسائٹی کے شہدا شامل ہیں، کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکا نے عزم کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان سازشوں کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔

شرکا نے عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ،جو آئینِ پاکستان کے تحت ہیں، کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردارتک پہنچایا جائے گا۔

شرکا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام  پیدا کرنے کی کوششوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔