تہران: ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے ساتھ ساتھ 3 دیگر خلیجی ممالک ایک بحری اتحاد بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں پاکستان اور بھارت بھی شامل ہوں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے کہا ہے کہ خطے کے ممالک نے آج یہ سمجھ لیا ہے کہ صرف ایک دوسرے کے ساتھ تعاون ہی علاقے میں سلامتی کی ضمانت ہو سکتا ہے۔
شہرام ایرانی نے اس اتحاد کے ڈھانچے کے بارے میں مزید تفصیلات تو نہیں بتائیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسے جلد ہی تشکیل دیا جائے گا۔
نیول کمانڈر شہرام ایرانی کا کہنا ہے کہ جو ریاستیں اس اتحاد میں حصہ لیں گی ان میں متحدہ عرب امارات بحرین، قطر، عراق، پاکستان اور بھارت بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایران حال ہی میں کئی خلیجی عرب ریاستوں کے ساتھ اپنے کشیدہ تعلقات کو ٹھیک کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
دوسری جانب بریکس ممالک کے وزرائے خارجہ نے اپنے گروپ میں سعودی عرب سمیت نئے ممالک کو شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ان ممالک کی جانب ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ بلاک عالمی افق پر اپنی آواز کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کیپ ٹان میں جمعرات اور جمعے کو دو دن تک جاری رہنے والی کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی شریک تھے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بریکس(برازیل، روس، انڈیا چین، جنوبی افریقہ) ممالک کے گروپ کے وزارتی اجلاس کے موقع پر کیپ ٹان میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی۔