اوپن مارکیٹ میں ڈالر 13 روپے سستا  ہوگیا، روپے کی قدر بڑھ گئی

542
decreased

کراچی: اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے  مقابلے میں ڈالر کی قدر 13 روپے کم ہو گئی۔

جمعرات کے روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز ہی پر ڈالر کی قدر پہلے 11 روپے اور پھر 25 روپے 75 پیسے کی کمی سے 285 روپے 75 پیسے کی سطح پر آگئی تھی جس کے نتیجے میں انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کا فرق نہ ہونے کے برابر رہ گیا تھا تاہم اس دوران نچلی قیمتوں پر وقفے وقفے سے ڈیمانڈ کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا اوپن ریٹ 13 روپے کی کمی سے 298 روپے کی سطح پر بند ہوا۔

دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 8 پیسے کی کمی سے 285.38 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان کے مطابق بینکوں کے 5 کروڑ کریڈٹ کارڈز ہولڈرز کے لیے یومیہ 15 سے 20 ملین ڈالر کی ادائیگیاں کی جاتی ہیں، جو اب تک تمام تر اوپن مارکیٹ سے خریداری کرکے پوری کی جاتی رہی ہیں تاہم اب اسٹیٹ بینک نے 31 جولائی تک کریڈٹ کارڈز کی ادائیگیاں انٹربینک کاؤنٹر سے کیے جانے کی سہولت دے دی ہے۔