گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ درجہ ملنے پر آباد کا وزیراعظم سے اظہار تشکر

547

کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ درجہ دینے کی منظوری پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے گوادر کو ممکنہ اقتصادی پاور ہاؤس کے طور پر اہمیت دینے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے ویژن اور دوراندیشی پر خراج تحسین پیش کیا  ہے۔

چیئرمین آباد الطاف تائی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو اس اقدام سے فائدہ   اٹھاناچاہیے۔ انہوں نے وزیراعظم اور وزیرخزانہ سے اپیل کی کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے  گوادر اکنامک ڈسٹرکٹ کی تجویز کو آئندہ  وفاقی بجٹ میں شامل کیا جائے۔ گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ  کا درجہ دینا آباد کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں آباد  نے جنوری 2023   میں وزیراعظم کو مراسلہ بھیجا تھا جس پر انہوں نے ضروری ہدایات بھی جاری کی تھیں۔ گوادر کو فری اکنامک ڈسٹرکٹ قرار دینے کی تجویز خطے اور پورے ملک کے لیے گیم چینجر ہے۔ اس سے سرمایہ کاری، تجارت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے بے پناہ مواقع کھلیں گے۔ ہمیں اس لمحے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔