اسلام آباد:وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان بھنورسے نکل آئے گا اورہم سب مل کرصبر، ہمت اورحوصلہ سے ملک کومعاشی مشکلات سے نکال کرپائیدارترقی کی راہ پرگامزن کریں گے ملک ڈیفالٹ ہوگا اورنہ ہی سری لنکا بنے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں بہت لچک اوراستعداد ہے، میرا ایمان ہے کہ ملک دوبارہ ٹیک آف کرے گا، حکومتی اقدامات سے کئی شعبوں میں بہتری آئی ہے، ملک جس مشکل وقت سے گزررہاہے حکومت تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر مسائل پرقابو پائیگی ،ہماری نیت نیک ہے اورہماری کوشش عبادت سے کم نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ 2017 میں ٹیک آف کرتی معیشت کو گزشتہ چار برسوں میں نقصان پہنچایا گیا، ہماری معیشت 24ویں نمبر سے 47 پوزیشن پر چلی گئی، سیلاب اورمعاشی مشکلات نے ہماری معیشت کوبہت نقصان پہنچایاہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ پہلے اوپن مارکیٹ نہیں ہوتی تھی اورسارے پیسے سٹیٹ بینک میں جاتے تھے مگر1998 کے دھماکوں کے بعد ہم نے کیش فلو کے مسائل سے نمٹنے کیلئے طریقہ کاروضع کیا، دودون پہلے ہم نے اس حوالہ سے ایک اور دلیرانہ فیصلہ کیا جس کے اثرات آج سامنے آئے، کریڈٹ کارڈ کے استعمال پربینکرز کوڈالر لینے پڑتے تھے اس کیلئے ہم نے اجازت دیدی ہے اس سے ڈالرکی قدرمیں بہتری آئی ہے۔