معاشی عدم استحکام مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا، خواجہ آصف

272
criticism

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں ان کے پاکستان کے معاشی حالات پر تبصرے سننے کو ملتے ہیں۔ وہ ن لیگ کا حصہ ہیں ، جماعت ان کے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے ان کی قابلیت مسلمہ ہے لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اسوقت ان کے میڈیا پر نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

وزیر دفاع نے لکھا کہ مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی حکومت کیلئے مفید بھی ہو سکتی ہے، اگر وہ بھی جماعت کو اعتماد میں لیں اور اچھے وقت اور رفاقت کو یاد رکھیں۔ جماعت نے انکو دو دفعہ وزارت خزانہ سے نوازا۔ انکا وزارت سے ہٹایا جانا کا گلہ تو ہو سکتا ہے مگر پارٹی کوٹارگٹ کرنے کا جواز نہیں ہو سکتا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مفتاح اسماعیل متعدد بار پریس کانفرنسز اور متعدد بار ٹی وی پر انٹرویوز میں مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں، اور شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ مختلف شہروں میں سیمینار کا انعقاد کر رہے ہیں۔