لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر حکمرانی کرنے والی جماعتیں عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہیں، پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی عوام کو ریلیف نہیں دے سکتیں تو بجٹ میں کم از کم اپنے دور حکومت میں اشیائے خورونوش، پٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ واپس لے، دونوں اطراف نے اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف لانگ مارچز کیے تھے۔
سراج الحق نے کہاکہ حکمران جماعتیں ایک دوسرے کو موردالزام ٹھہرا کر ان زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتیں جو ملک کے کروڑوں باسیوں کو غربت، بے روزگاری اور مہنگائی نے دیے ہیں، پی ٹی آئی اقتدار میں آئی تھی تو خرابی کی ذمہ دار ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں کو ٹھہرایا، اب موجودہ حکومت تحریک انصاف پر سارا ملبہ ڈال رہی ہے، حقیقت یہ ہے کہ تینوں ڈلیور کرنے میں ناکام ہوئیں، قوم سب دیکھ رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ پروٹوکول کلچر ختم ہوا نہ غیرترقیاتی اخراجات کم کیے گئے، کابینہ میں اتنے افراد ہیں کہ شاید وزیراعظم کو سب کے نام تک نہ معلوم ہوں۔ بجٹ میں مہنگائی کم نہ ہوئی تو جماعت اسلامی پورے ملک کے عوام کو منظم کر کے احتجاج کرے گی، صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ کرپشن سے نجات اور اسلامی معیشت معاشی بحران کا حل ہے۔ آئی ایم ایف کی بجائے خودانحصاری کا راستہ اپنانا ہو گا۔ معاشی بہتری کے لیے رجعت پسندی کی بجائے پروگریسو سوچ اپنانا ہوگی۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت بجٹ میں بجلی ، گیس پر سبسڈی بحال اورپٹرول کی فی لٹر قیمت میں سو روپے کمی کرے، بے روزگاری میں کمی کے لیے سول ملٹری بیوروکریسی کے ریٹائرڈ افسران کی بجائے خالی آسامیوں پر پی ایچ ڈی سکالرز اور دیگر ڈگری ہولڈرز نوجوانوں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوج ظفر موج کے ہمراہ غیر ملکی دورے بند کرے اور بیوروکریسی اور حکومتی اہلکاروں کے لیے مفت بجلی، گیس ، پٹرول کی سہولیات ختم کی جائیں۔ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ملک سے لوٹی ہوئی دولت بیرونی ممالک سے واپس لائی جائے گی، احتساب کا کڑا نظام متعارف کرائیں گے، سود کا خاتمہ اور نوجوانوں کو زرعی زمین کی الاٹ منٹ ہمارے منشور کا حصہ ہے اس پر سوفیصد عمل کیا جائے گا۔