کراچی: وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کو سولر سسٹم کی فراہمی سندھ حکومت اور پیپلزپارٹی کا تحفہ ہے، کراچی پریس کلب کی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لیے ویلیج الیکٹرک پلان کے تحت بجلی فراہم کی جائے گی۔
کراچی پریس کلب میں پہلے سولر پارک کے افتتاح کے موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے امتیاز احمد شیخ کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہمارا عزم ہے، سرکاری عمارتوں سمیت جیلوں کو بھی سولرائز کرنے جارہے ہیں۔ سستی بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ عمران خان نے ڈالی۔ تحریک انصاف ملک دشمن جماعت ہے جو جلد اپنے انجام تک پہنچے گی۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،سیکریٹری شعیب احمد، گورننگ باڈی کے ارکان، سابق صدر فاضل جمیلی، امتیاز فاران، سابق سیکریٹری رضوان بھٹی، ارمان صابر اور دیگر بھی موجود تھے۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ میرے لئے فخرکی بات ہے کہ مجھے کراچی پریس کلب کی جانب سے اعزازی ممبر شپ سے نوازا گیا ہے۔ کراچی پریس کلب پاکستان کا سب سے بڑا پریس کلب ہے جس کو سولررائز کیا گیا ہے۔ یہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی طرف سے تحفہ ہے جو آپ کا حق ہے۔ یہ مجموعی طور پر 100کلوواٹ کا منصوبہ ہے جس میں سے 60کلوواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے جلد 40کلو واٹ کا بھی اضافہ کردیا جائے گا۔ ہم نے سولرائز کا سسٹم بڑے پیمانے پر شروع کیاہے۔ 35 بڑے اسپتالوں کو سولررائز کیاہے۔ ورلڈ بینک کے زریعے ہم یہ کام کروارہے ہیں۔ سرکاری عمارتوں جیلوں کو بھی سولررائز کیا جائے گا تاکہ سب کو بجلی فراہم ہو۔2 لاکھ گھروں کو سولررائیز کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مہنگی بجلی سے نجات ہمارا مقصد ہے۔وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ بیرونی محاذپر بلاول بھٹو زرداری نے بہت اچھا کام کیاہے ۔جن ممالک کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے ان کو بہتر کیاہے ۔عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں ۔سی پیک منصوبے پر کام کو آگے بڑھایا گیا ہے۔
امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہماری معیشت کو خراب کیا اور ہر کام میں سمیت سستی بجلی میں عمران خان نے رکاوٹ ڈالی۔ تحریک انصاف کی جماعت ملک دشمن جماعت ہے۔ ہر قصور وار کو اس کیے کی سزا ملے گی۔
کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ میں کراچی پریس کلب کے ممبران کی طرف سے حکومت سندھ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ صوبائی حکومت نے ہمیشہ ہمارے ساتھ تعاون کیا ہے۔ امتیاز شیخ کی ذاتی کاوشوں سے یہ کام مکمل ہوا ہے اور ہمیں ظالم کے الیکٹرک سے نجات ملی ہے۔
سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے امتیاز شیخ کو کراچی پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ بھی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم صوبائی وزیر امتیاز احمدشیخ کے شکر گزار ہے کہ جنہوں نے کراچی پریس کلب کو ماحول دوست بنایا۔ 2020 کو سوچا گیا منصوبہ آج پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔ 60 کلو واٹ کے سولر سسٹم سے ہمارے اخراجات میں کمی آئے گی۔
سابق صدر پریس کلب فاضل جمیلی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور امتیاز احمدشیخ کے مشکور ہیں جو گرین انرجی کا منصوبہ شہر میں لائے۔آج امتیاز شیخ نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے ۔مجھے آج خوشی سے کہتا ہوں کہ کراچی پریس کلب پاکستان کا واحد گرین پریس کلب ہے۔ ہمارا کلب کا آئین تین زبانوں میں موجود ہے۔
سابق سیکرٹری پریس کلب رضوان بھٹی کا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس منصوبے پر 2020 میں کام شروع کیا گیا تھا اس وقت پورا کلب سولر پر چل رہا ہے۔ ہمارا منصوبہ 100 کلو واٹ کا تھا۔ اگلے مرحلے میں واپڈا کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ تقریب کے اختتام پر امتیاز شیخ نے فاضل جمیلی، امتیاز فاران، رضوان بھٹی اور ڈاکٹر تاج کو شیلڈ پیش کیں جبکہ امتیاز شیخ کو سعید سربازی، شعیب احمد اور شمس کیریو نے شیلڈ پیش کی اور اجرک پہنائی۔