اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے کمیشن اور سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023ء کیسز سماعت کے لیے مقرر کردیے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023ء کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی زیر سربراہی 8 رکنی لارجر بینچ یکم جون کو سماعت کرے گا۔
عدالت عظمیٰ نے کیس کے سلسلے میں متعلقہ فریقوں کو نوٹسز جاری کردیے۔ قبل ازیں عدالت نے 8 مئی کو یہ کیس تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردیا تھا۔
علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے کمیشن سے متعلق کیس کو بھی سماعت کے لیے مقرر کرلیا۔ اس سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر سربراہی 5 رکنی لارجر بینچ 31 مئی کو سماعت کرے گا۔ عدالت عظمیٰ کے بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔
یاد رہے کہ عدالت عظمیٰ نے کیس کی گزشتہ سماعت میں آڈیو لیکس کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا۔