نئی دہلی: بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے دعوی کیا ہے بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہائبرڈ ماڈل کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بی سی سی آئی کے سربراہ جے شاہ ایشیا کپ کی میزبانی کرنے والے ملک یا ممالک اور شیڈول سے متعلق حتمی فیصلہ آئی پی ایل کے فائنل کے موقع پر کریں گے جس میں ایشین کرکٹ کونسل کی اعلی شخصیات شرکت کریں گی۔
تاہم اب وکرانت گپتا نے اسپورٹس ٹاک کے دوران دعوی کیا کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جے شاہ اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیف اور افغانستان، سری لنکا، بنگلا دیش کے سربراہان کرکٹ کی میٹنگ ہوئی۔
اس میٹنگ میں جے شاہ نے تمام بورڈز کو واضح کیا ہے کہ بی سی سی آئی پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کے حق میں نہیں ہے لہذا اس سے قبل بی سی سی آئی کے ہائبرڈ ماڈل کو قبول کرنے کے حوالے سے جو بھی خبریں سامنے آئیں وہ غلط تھیں۔
شو میں شریک بھارتی صحافی کا کہنا تھا کہ اب بہت سے لوگ یہ سوچیں گے جے شاہ چونکہ اے سی سی کے چیئرمین ہیں تو وہ اعلان کر سکتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہو سکتا، اس انکار کے لیے جے شاہ کو ٹھوس جواز پیش کرنا ہوگا جو کہ پاکستان میں موجود سکیورٹی معاملات کو بنایا جاسکتا ہے۔