اسلام آ باد :اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسد عمر کی لاہور میں درج مقدمات میں جمعرات تک حفاظتی ضمانت منظورکرلی۔ جسٹس محسن اختر کیانی کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے سماعت کی۔جسٹس طارق محمود جہانگیری بھی ڈویژن بنچ میں شامل ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمراپنی حفاظتی ضمانت لینے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔وکیل اسد عمر نیکہا اسلام آباد کے بھی مقدمات میں پیش ہونا ہے،ہفتے تک کی ضمانت دی جائے،عدالت نے اسد عمر کی 25 ہزار مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کی ہے۔
پی ٹی رہنما اسدعمر نے دہشت گردی کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔اسد عمر نے دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت مانگی تھی۔
اسد عمر نے اپنی دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی ہے کہ لاہور کے تھانہ گلبرگ میں 10 مئی کو درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت دی جائے۔ پی ٹی آئی رہنما نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ لاہورکی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لیے کم از کم 2 ہفتے کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔
اسد عمرنے استدعا کی ہے کہ عدالت ایسا حکم دے کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی اس مقدمے میں مجھے گرفتار نہ کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد تھانہ گلبرگ میں اسد عمر کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔