پاکستان نے 28 مئی کو عوامی حمایت سے ناممکن کو ممکن کردکھایا، وزیراعظم 

441

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا ہے کہ  28 مئی کو بین الاقوامی دباو، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وطن کی قیادت نے قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، اسی اتحاد، عزم، توجہ اور تسلسل کا مظاہرہ کرکے اب ہمیں پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے، آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے، معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  25 سال قبل آج ہی کے دن پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان کیا تھا، یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا، ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے، پاکستان نے کسی سپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی لالچ ہمیں آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکی، نواز شریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم اور بے نظیر بھٹو شہید کو بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور بے نظیر نے 1998 میں قائد حزب اختلاف کے طور پر وزیراعظم نواز شریف کے جوہری دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ جب بات پاکستان کی آجائے تو ہمارے سیاسی اختلاف، مفاد اور تقسیم سب ختم ہو جاتی ہے، میں ڈاکٹر عبد القدیر خان مرحوم سمیت پاکستان کے جوہری پروگرام کے تمام ہیروز، سائنسدانوں، انجینئرز سمیت کارکنوں اور کسی بھی شکل میں اس کا حصہ رہنے والے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 

اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تمام دوست ممالک خاص طور پر برادر سلطنت سعودی عرب کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو پاکستان کے محسن ہیں، جب پاکستان کو اس کی آزادی، خودمختاری اور دفاع کے حق پر عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تو ہمارے ان عظیم محسنوں نے بین الاقوامی دبا ئوخاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستانی قوم اس احسان کو کبھی نہیں بھول سکتی۔ 

واضح رہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں بلوچستان کے علاقے چاغی میں ایٹمی دھماکے کرکے اپنے جوہری طاقت ہونے کا اعلان کیا تھا۔