اسلام آباد، خیبرپختونخوا ،پنجاب، گلگت اور آزاد کشمیر میں 6شدت کا زلزلہ

381

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پنجاب،گلگت اور آزاد کشمیر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔

جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد، لاہور، مری،پشاور، سوات، مردان، دیر، مالاکنڈ، صوابی، اٹک،ایبٹ آباد،ہری پور،نوشہرہ،لکی مروت،لوئر دیر،بونیر،چترال، شبقدر، کوہستان،شمالی علاقہ جات، میرپور، دھیرکوٹ،اٹک، سرگودھا،خوشاب، فیصل آباد،چنیوٹ،شاہ کوٹ، شکر گڑھ،ظفروال کے علاوہ مظفرآباد،گلگت،اسکردو، غذر، ہنزہ اور استور میں صبح دس بج کر 52منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں اور دکانوں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر آگئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 223 کلو میٹر تھی، اور زلزلے کا مرکز افغان تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ فوری طور پر زلزلہ کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔