پیرس: کرسٹیانو رونالڈو کو ایک بار پھر شکست دے کر لیونل میسی بازی لے گئے، دنیا کے مہنگے ترین فٹبالر رونالڈو کی خدمات لے کر بھی سعودی کلب النصر ٹائٹل سے محروم رہا، سپراسٹار اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں ناکام ہوگئے،النصر اور الاتفاق کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کے مہنگے ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی خدمات لے کر بھی سعودی کلب ٹائٹل سے محروم رہا ہے ، سعودی پرو لیگ میں کرسٹیانو رونالڈو اپنی ٹیم النصر کو ٹائٹل جتوانے میں ناکام ہو گئے، النصر اور الاتفاق کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا ، الاتحاد نے الفیحا کو تین صفر سے شکست دے کر سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کے آنے سے النصر کے مداحوں کو بہت زیادہ امید تھی کہ اس مرتبہ وہ جشن منائیں گے تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ دوسری جانب لیونل میسی کی ٹیم پی ایس جی نے فرنچ لیگ کا ٹائٹل ریکارڈ گیارہویں مرتبہ اپنے نام کرلیا، میسی نے اسٹراسبرگ کے خلاف گول کر کے یورپ کی ٹاپ فائیو لیگ میں رونالڈو کے سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
لیونل میسی کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یورپ کی ٹاپ فائیو فٹبال لیگز میں سب سے زیادہ 496گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔
انفرادی طور پر بھی میسی کے پاس بہت سے ریکارڈ ہیں ، جن میں دو بار فیفا ورلڈ کپ گولڈن بال کا ایوارڈ ان کے نام ہے ، میسی سات بار دنیا کے بہترین کھلاڑی ہونے پر بیلن ڈی اور جیت چکے ہیں اوراب تک کوئی دوسرا کھلاڑی اسے تین سے زیادہ مرتبہ نہیں جیتا ہے۔
میسی کے پاس لا لیگا میں کسی بھی کھلاڑی کی طرف سے سب سے زیادہ مجموعی گول (474) کرنے کا ریکارڈ بھی ہے اور ساتھ ہی 2011-12 میں نصف سنچری تک پہنچنے کے بعد ایک ہی لا لیگا سیزن (50) میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے۔