عمران خان مذاکراتی ٹیم میں مزید نام دیں، وفاقی وزیر دفاع

331

سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے  عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ مذاکراتی ٹیم میں مزید نام دیں تاکہ اگریہ چھوڑ گئے تو اس کا متبادل تو ہوگا، پی ٹی آئی چھوڑ کر جانے والے عمران خان کی غلطیوں کا بوجھ نہیں اٹھا پا رہے۔

وفاقی وزیر دفاع نے کہاکہ نام نہاد سیاسی لیڈر منصوبہ بندی کے تحت دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہوئے ، عمران خان کو جس طرح مذمت کرنی چاہیے تھی نہیں کی،  سیاستدانوں کو دفاع مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دفاع کے جذبے کو اقتدار کے بھوکے سیاستدان چیلنج کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  نواز  شریف نے جو کہا  اس کی تائید کرتا ہوں، عمران خان اب دفاعی طور  پر ملک کو کمزورکرنے کی کوشش کر رہا ہے، کہ جو لوگ چھوڑ کر جا رہے ہیں وہ عمران خان کی غلطیوں کا بوجھ نہیں اٹھا پا رہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ  رانا ثنااللہ نے جو کہا وہ سو  فیصد درست ہے، 14 ماہ میں جو غلطیاں کی ہیں وہ خودکی ہیں، مزید لوگ بھی اسے چھوڑیں گے، مذاکراتی ٹیم بنائی ہے اس میں مزید نام دیں تاکہ اگریہ چھوڑ گئے تو اس کا متبادل تو ہوگا۔