لاہور:چلڈرن ہسپتال لاہور میں دوران علاج نومولود بچہ انکیوبیٹرمیں اوورہیٹنگ سے جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔
نومولود 6 روز سے چلڈرن ہسپتا ل میں زیرعلاج تھا۔چلڈرن ہسپتال ذرائع کے مطابق جھلسنے والے بچے کی عمرایک ماہ سے کم تھی، بچہ تشویشناک حالت میں نرسری میں زیر علاج تھا، جھلسنے کے بعد بچہ جانبر نہ ہوسکا۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے انکیوبیٹرمیں اوورہیٹنگ سے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ محسن نقوی چلڈرن ہسپتال پہنچ گئے اور نرسری کا دورہ،جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے نرسری میں موجود دیگر بچوں کی خیریت دریافت کی۔محسن نقوی نے بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بچوں کی دیکھ بھال میں معمولی سی بھی کوتاہی برداشت نہیں۔ ایک بچے کے لئے ایک بیڈ مخصوص ہونا چاہیے۔
دوسری جانب واقعہ کی تحقیقات کیلے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو تمام حالات و واقعات کا جائزہ لے کر24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کی سفارش کرے گی۔