لاہور:پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لئے مسیحی برادری کے وفد نے جناح ہاس لاہور کا دورہ کیا ہے۔
چرچ آف پاکستان لاہور کے وفد نے تباہ حال جناح ہاس کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا، گلدستے بھی رکھے۔
مسیحی برادری کے ارکان نے کہا کہ جناح ہاوس کی تباہی دیکھ کر آج دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ اس موقع پر ایک مسیحی غازی نے کہا کہ میں نے اس ملک و قوم کی خاطر جنگ لڑی اب یہ سب دیکھ کر بہت افسوس ہوا، پاکستان کی تاریخ میں 9 مئی ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر جانا جائے گا، یہ فوج پر حملہ نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم پر حملہ ہے جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
وفد کے اراکین نے پاک آرمی زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونیوالے مظاہروں کے دوران شرپسندوں نے جناح ہاس میں تھوڑ پھوڑ کی تھی اور اسے آگ بھی لگا دی تھی۔