پی ٹی آئی رہنما قومی اسمبلی کے حلقے کی پوری ٹیم سمیت پارٹی سے مستعفی

367

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما راجا خرم نواز نے اپنے قومی اسمبلی کے حلقے سے پوری ٹیم سمیت پارٹی سے استعفا دینے کا اعلان کردیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما راجا خرم نواز نے اعلان کیا کہ ہم تمام ساتھی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 52 سے پوری ٹیم کے ساتھ مستعفی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کی پوری ٹیم میرے ساتھ ہے۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم سیاست سے دستبردار ہورہے ہیں، ہمارے پاس پی ٹی آئی کے جتنے بھی عہدے ہیں ہم ان سے استعفا دیتے ہیں، آئندہ کی سیاست سے متعلق ساتھیوں کے ساتھ مل کر طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خان صاحب کو اچھا رہنما پایا۔

راجا خرم نواز کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے، ہم اس کی پرزورمذمت کرتے ہیں اور ان تمام واقعات کی تحقیقات بھی ہونی چاہیے۔ ساتھ ہی اس میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہیے اور بے گناہ لوگوں کو فوراً رہا کردینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔ اداروں کے ساتھ محاذ آرائی نہیں کی جاسکتی۔میری والدہ اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں، میں والدین کا اکلوتا بیٹا ہوں، اب ان کی خدمت کرنی ہے۔